کراچی: صوبائی حکومت نے یکم جنوری 2025 سے سرکاری ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے عمرکی حد میں رعایت ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ امیدواروں کو سرکاری ملازمتوں کے لیے 18 سے 28 سال کی عمومی عمر کی حد پر پورا اترنا ہوگا۔
واضح رہے کہ اس وقت سندھ حکومت عمرکی بالائی حد میں 15 سال کی رعایت دے رہی تھی، جس کے تحت 43 سال تک کی عمرکے افراد ملازمتوں کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ یہ رعایت 2018 میں عارضی طور پر دی گئی تھی تاکہ مختلف وجوہات کی بنا پر ملازمت حاصل نہ کر سکنے والے درخواست گزاروں موقع دیا جا سکے۔
اس رعایت کے خاتمے کے بعد بڑی عمر کے متعدد امیدوار سرکاری ملازمتوں کے لیے نااہل ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں کے لیے عمومی عمر کی حد 18 سے 28 سال ہے۔ صوبائی حکومت کے نئے فیصلے کا مقصد بھرتی کے طریقہ کار کو ان اصل اصولوں کے مطابق لانا ہے۔
عمر کی حد میں تبدیلی سندھ میں ملازمت کے خواہشمند بے روز گار افراد پر اہم اثرات مرتب کرے گی۔