اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) چینی وزیر اعظم لی کیانگ 14 سے 17 اکتوبر 2024 تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں . وہ آج پیر کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ وزیراعظم لی کیانگ ایس سی او اجلاس میں شرکت اور گوادر ایئر پورٹ کا فتتاح کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعظم لی کیانگ مذاکرات میں اپنے اپنے وفود کی قیادت کریں گے۔چینی وزیراعظم کے ہمراہ خارجہ، تجارت کے وزرا اور دیگر حکام بھی پاکستان آئیں گے۔
ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے اعظم اقتصادی، تجارتی تعلقات، سی پیک کے تحت تعاون پر جامع بات چیت کریں گے۔ دونوں فریقین علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ توقع ہے کہ چینی وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران گوادر ایئر پورٹ کا افتتاح بھی کریں گے۔
چینی وزیراعظم اپنے دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری، پارلیمانی رہنماؤں اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ چینی وزیراعظم لی کیانگ شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) کے سربراہان حکومت کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان کے مطابق چینی وزیراعظم کا دورہ پاک چین آل ویدراسٹریٹجک کو آپریٹوپارٹنرشپ کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے حالیہ اجلاس کا میزبان ہے۔ اجلاس15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہورہا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر بھی اس اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔ اجلاس کے حوالے سے انتظامیہ نے سیکیورٹی کے خاص انتظامات کیے ہیں۔
شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) کا قیام 2001 میں عمل میں لایا گیا تھا۔ چین، روس، ازبکستان، تاجکستان، کرغیزستان اورقازقستان نے مل کرایس سی او قائم کی تھا، بعد ازاں 10 جولائی 2015 کو تنظیم میں پاکستان اور بھارت کو بھی شامل کیا گیا جب کہ ایران گزشتہ سال اس کا مکمل رکن بنا ہے۔