حیدرآباد ( نئی تازہ رپورٹ) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتیجے کا اعلان کردیا۔ حیدرآباد بورڈ کی طرف سے 10ویں جماعت سائنس گروپ کا رزلٹ جاری کیا گیا ہے۔
بورڈ ذرائع کے مطابق 67 ہزار 271 طلبہ و طالبات امتحانات میں پاس ہوئے جبکہ 3 ہزار 574 طلبہ و طالبات فیل ہو گئے ، 10 ویں جماعت سائنس گروپ کے امتحانات میں کامیابی کی شرح 94.57 فیصد رہی، کامیاب ہونے والوں میں سے 14 ہزار 413 طلباء و طالبات اے ون گریڈ حاصل کر کے کامیاب ہوئے ،30 ہزار 477 طلبہ و طالبات نے اے گریڈ حاصل کیا ،
دسویں جماعت سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات میں پہلی پوزیشن نجی اسکول کی طالبہ فاطمہ ابڑو نے 1100 میں سے 997 نمبر لے کر حاصل کی،دوسری پوزیشن سیدہ رحیم فاطمہ کے نام رہی جس نے 995 نمبر حاصل کئے ،تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے لال زیرقان خان نے 994 نمبر حاصل کئے۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور بورڈ ضمنی امتحانات12 ربیع الاول کی تعطیل کے باعث ملتوی
دسویں جماعت سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات میں حیدر آباد بورڈ کے تحت 71 ہزار 778 طلبہ و طالبات نے فارم جمع کرائے تھے ، مجموعی طور پر71 ہزار 137 طلبہ و طالبات نے تحریری امتحانات میں شرکت کی جبکہ 641 طلبہ و طالبات امتحانات سےغیر حاضر رہے۔