وزیراعظم شہبازشریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب اور امریکہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد لندن پہنچ گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم لندن میں چند روز قیام کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف کے طیارے نے برطانیہ میں لوٹن ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے امریکہ کے دورے کے دوران مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات ہوئی اس موقع پر وزیراعظم نے غزہ میں انسانی بنیادوں پرفوری جنگ بندی پر زور دیا ۔
وزیراعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
وزیر اعظم نے فلسطین اور لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے پر بھی زور دیا دیادونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوں کا جائزہ لیا اور اچھے ہمسایوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ باہمی طور پر مفید تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف کی نیویارک میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس سے بھی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے مابین مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر مبنی مضبوط برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیرِ اعظم نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کے درمیان موجود خیر سگالی سے استفادہ کرکے پارلیمانی تبادلوں، باہمی عوامی روابط، کھلاڑیوں، ماہرین تعلیم، فنکاروں اور طلباء کے تبادلوں کے ذریعے تعلقات کے مزید فروغ پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر محمد یونس کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔