اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی حکومت نے فارن سروس کی گریڈ 22 کی افسر آمنہ بلوچ کو وزارت خارجہ کا سیکرٹری مقرر کر دیا ہے۔
آمنہ بلوچ اس سے قبل بیلجیئم میں یورپی یونین سفیر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی تھیں، وہ 11 ستمبر 2024 کو نئے عہدے کا چارج سنبھالیں گی۔
واضح رہے کہ موجودہ سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی 10 ستمبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔
حکومت نے سائرس سجاد کو فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) کا ممبر تعینات کیا ہے۔ صدر مملکت کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ سائرس سجاد قاضی ریٹائرمنٹ کے بعدگیارہ ستمبر 2024 کو بطور ممبر ایف پی ایس سی ذمہ داریاں سنبھالیں گے
یہ بھی پڑھیں :پاک فوج نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کوتحویل میں لے لیا، کورٹ مارشل شروع
آمنہ بلوچ 1966 میں پیدا ہوئیں، انہوں نے تاریخ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ 1991 میں فارن سروس آف پاکستان میں شمولیت اختیار کی اور مختلف عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکی ہیں۔
آمنہ بلوچ فروری 2018 سے اگست 2018 تک وزیر اعظم آفس (پبلک) میں جوائنٹ سیکرٹری کے طور پر ڈیپوٹیشن پرخدمات سرانجام دیتی رہیں۔
انہوں نے ستمبر 2018 سے جون 2019 تک دفترخارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔ آمنہ بلوچ نے 19 اگست 2019 کو ملائیشیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔