وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع فیکٹری کی چھت گرنے سے پانچ مزدور جاں بحق ہو گئے۔
نجی ٹی وی نے ریسکیو ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ فیکٹری کی چھت گرنے کا واقعہ اسلام آباد کے علاقے ہمک میں پیش آیا جہاں چھت کے ملبے تلے دب کر وہاں موجود پانچ مزدور جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں چار کا تعلق جنوبی پنجاب کے علاقہ تونسہ شریف سے جبکہ ایک کا تعلق کراچی کے علاقے ملیرسے تھا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک مزدور ملبے تلے دبا ہوا ہے جسے نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
اطلاعات کے مطابق فیکٹری چھت گرنے کے واقعے میں 2 مزدوروں کو بچا لیا گیا۔ فوری طور پر چھت گرنے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔