اسلام آباد ( نئی تازہ ڈیسک) حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہفتے کے روزسرکاری تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزارت تعلیم کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق طلبہ کومختلف کورسز پر عبور حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے ہفتے کو بھی تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے ۔
وزارت تعلیم کے نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتے کے روز مختلف مضامین میں بچوں کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی اور طلبہ کیلئے مختلف صحت مندانہ سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔جن میں سپورٹس اور ذہنی آزمائش کے کھیل شامل ہوں گے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی ادارے ہفتے کے روز کھلے رکھے جائیں گے، ہفتے کے روز ہونے والی سرگرمیوں کا حصہ بننے یا نہ بننے کا اختیار طلبہ کو حاصل ہو گا جبکہ اساتذہ اور دیگرعملے کو اپنی حاضری یقینی بنانا ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے کو تعلیمی ادارے دو گھنٹے کیلئےکھلیں گے ۔ فیصلہ سیکرٹری وفاقی تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت کے احکامات پر کیا گیا ہے۔
وزارت تعلیم کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق ہفتہ 10 اگست 2024 سے ہوگا۔