بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق بلے باز گوتم گمبھیر کواپنی قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ٹی20 ورلڈکپ جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
بی سی سی آئی سیکریٹری جے شاہ نے گوتم گمبھیر کو ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ گوتم گھمبیر کا انڈین پریمئیر لیگ(آئی پی ایل) میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو چیمپئین بنوانے میں اہم کردار رہا ہے۔
جے شاہ نے کہا کہ گوتم گمبھیرکا بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر خیر مقدم کرتا ہوں، انکی سربراہی میں بھارتی ٹیم نئے مراحل طے کرپائے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سے قبل گوتم گمبھیر اور بورڈ کے درمیان معاوضے سے متعلق بات چیت جاری تھی، اب معلوم ہوا ہے کہ انڈین ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کے طور پر گوتم گھمبیر بی سی سی آئی سے سالانہ 10 سے 12 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ وصول کریں گے۔
بورڈ کی جانب سے تاحال گوتم گمبھیر کے معاوضے سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا تاہم میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ وہ ماہانہ ایک کروڑکے قریب یعنی سالانہ 10 سے 12 کروڑبھارتی روپے وصول کریں گے۔