اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وزیراعظم نے ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے قیمت میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکیڈ اور نان پروٹیکیڈ بجلی صارفین کو ریلیف دینے کے لیے ٹیرف میں مجوزہ اضافہ واپس لینے کی تجویزدی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے سمری کی وفاقی کابینہ سے فوری منظوری لینے کی ہدایت کی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت 200 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے صارفین کو جولائی سے ستمبر 2024 کیلئے ٹیرف پرریلیف دینے کیلئے تقریباً 50 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ نے بجلی کے فی یونٹ بنیادی ٹیرف میں7 روپے 12 پیسے تک اضافہ کی منظوری دی تھی، اس سے قبل کابینہ نے 200 یونٹ تک پروٹیکیڈ اور نان پرویکٹیڈ صارفین کیلئے بھی قیمت میں اضافہ منظور کیا تھا جبکہ ایک سے 100 یون ٹوالے پروٹیکٹڈ صارفین کے ٹیرف میں 3.95 روپے اضافہ کی منظوری دی گئی تھی، جبکہ 101سے 200 یونٹ تک کے پروٹیکٹڈ صارفین کے ٹیرف میں 4.10 روپے فی یونٹ اضافہ منظور کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈصارفین کے ٹیرف میں 7.11روپے اضافہ کی منظوری دی گئی تھی،جبکہ 101سے200 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف 7.12 روپے بڑھانے کی منظوری دی گئی تھی۔
اس قبل موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ بنیادی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے کیا جائے گا، جبکہ ماہانہ50 یونٹ تک کے لائف لائن صارفین کیلئے ٹیرف پہلے کی طرح 3.95 روپے جبکہ 51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلئے ٹیرف7.74 روپے ہی رہے گا ۔
تازہ اطلاعات کے مطابق حکومت نے ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے قیمت بڑھانےکا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔
وفاقی کابینہ نے 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے بجلی صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کی منظوری دے دی ہے، اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سرکولیشن سمری کی ہنگامی بنیادوں پروفاقی کابینہ سے منظوری لی، جس کے بعد مجوزہ فیصلہ واپس ہو گیا۔