قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے بعد سینئیر مینجر وہاب ریاض نےبھی اینکر مبشر لقمان کو 50 کروڑ روپے ہرجانہ کا نوٹس بھجوادیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم اور متعدد کھلاڑیوں پر میچ فکسنگ کے الزامات عائد کرنے پرسابق ٹیسٹ کرکٹر اورسینئیر ٹیم مینجر وہاب ریاض نے مبشر لقمان کو 50 کروڑ روپے ہرجانہ کا نوٹس بھجوادیا۔
وہاب ریاض کے وکلائ کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بغیر ثبوت کے ایسا گھنائونا الزام عائد کرنا جرم ہے، میرے اور میرے مرحوم والد کی توہین کی گئی ۔
یاد رہے کہ اینکر پرسن مبشر لقمان نے وہاب ریاض اور انکے مرحوم والد پر میچ فکسنگ کے الزامات عائد کئے تھے
اس سے قبل ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور اظہر محمود بھی مبشر لقمان کو لیگل نوٹس بھجواچکے ہیں۔
چند روز قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے الزامات عائد کرنے پرمبشر لقمان کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر مبشر لقمان نے کپتان بابر اعظم اور ان کی فیملی پرمیچ فکسنگ کے الزامات لگائے، جس پر کپتان بابراعظم نے وکلاء کے ذریعے اینکرپرسن مبشر لقمان کو ایک ارب روپے کا ہتک عزت کا نوٹس بھیجا۔
نوٹس کے مطابق جھوٹے الزامات عائد کرنے پر مبشر لقمان معافی مانگیں،بصورت دیگر قانونی چارہ جوئی کے لیے تیار رہیں۔