حکومت کی جانب سے نیب آرڈیننس میں ایک بار پھر ترمیم کردی گئی۔ قائم مقام صدر نے ترمیمی آرڈیننس پر دستخط کر دیئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے نیب آرڈیننس میں ایک بار پھر ترمیم کرتے ہوئے اس حوالے سے نیا آرڈیننس جاری کر دیا ہے، قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے نیب کے ترمیمی آرڈیننس پر دستخط کر دیئے، ترمیمی آرڈیننس کے تحت نیب ریمانڈ کی مدت 14 دن سے بڑھا کر 40 دن کردی گئی ہے۔
نیب ترمیمی آرڈیننس میں بدنیتی پر مبنی کیس بنانے پر نیب افسران کو ریلیف دیا گیا ہے اورایسے افسران کی سزا 5 سال سے کم کرکے 2 سال کردی گئی ہے،
اس کے علاوہ قائم مقام صدر نے الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق الیکشن ٹربیونل میں حاضر سروس جج کے علاوہ ریٹائرڈ جج بھی تعینات ہوں گے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے بیرون ملک ہونے کے باعث چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی قائم مقام صدر مملکت کی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں۔