اسلام اباد ( نئی تازہ رپورٹ) مارگلہ ٹریل پر لاپتہ ہونے والے نوجوان محمد طحہ کی لاش کھائی سے مل گئی۔
ترجمان اسلام اباد پولیس کے مطابق طویل سرچ آپریشن کے بعدمارگلہ ٹریل پر گم ہونے والے نوجوان کی ڈیڈ باڈی ایک خطرناک کھائی سے مل گئی۔
ترجمان کے مطابق ایس پی سٹی اور سرچ ٹیم، نوجوان کے لواحقین کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں۔ ڈیڈ باڈی کو کھائی سے نکالنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔
پولیس کے مطابق بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ نوجوان راستہ بھٹک گیا تھا اور پاؤں پھسلنے سے کھائی میں گر گیا ۔
ترجمان نے بتایا کہ مزید تفتیش عمل میں لائی جارہی ہے اور لاش کا پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا تاکہ تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے ٹریل فائیو میں 15 سالہ طالب علم محمد طحہ پراسرار طور پر لاپتا ہو گیا تھا۔ گمشدہ طالب دوستوں کے ہمراہ ٹریل فائیوپر ہائیکنگ کی غرض سے گیا تھا، تاہم پرسرار طور پر لاپتہ ہو گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد مارگلہ ہلز کی کھائی سے ملنے والے لاش کی شناخت ہوگئی۔ لاش 15 سالہ محمد طحہ کی ہی ہے جو ٹریل 5 سے لاپتا ہوگیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بچے کے لواحقین نے لاش کی تصدیق کردی۔ واضح رہے کہ محکمہ فارسٹ اورانوائرمنٹ کے عملے نے محمد طحہ کی لاش پولیس کے حوالے کی تھی۔
اس سے قبل رات کو پولیس کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ نوجوان کی تلاش کے لیے ٹریل 5 اور ملحقہ مارگلہ ہلز پر اسلام آباد پولیس کا ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق سرچ آپریشن میں کوئیک ریسپانس ٹیم، مارگلہ فٹ پٹرول اور ڈرون کیمروں کی مدد لی جارہی ہے۔
ترجمان نے بتایا تھا کہ نوجوان کی آمدورفت کے حوالے سے سیف سٹی کیمروں سے بھی مدد لی جارہی ہے ۔