آسٹریلیا کی والی بال ٹیم پاکستان کے ساتھ 3 میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے اتوار کواسلام آباد پہنچی، پاک آسٹریلیا والی بال سیریز کا آغاز منگل 28مٸی سے ہو گا۔ آسٹریلین ٹیم ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان آئی ہے ۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایٸر پورٹ پرپاکستان والی بال فیڈریشن کے حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔ آسٹریلین ٹیم نحیمیا موٹے کی قیادت میں پاکستان آئی ہے، جبکہ سیریز میں پاکستانی والی بال ٹیم کی قیادت مراد جہاں کریں گے ۔جبکہ محمد کاشف نوید نائب کپتان ہونگے۔ پاکستانی ٹیم میں ولید خان، مراد خان، عثمان فریاد علی، ایمل خان، فخر الدین اور آفاق خان شامل ہیں عبدالظہیر، مصور خان، محمد حماد، حیدرعلی ، ناصر علی اور محمد یاسین بھی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ آسٹریلین ٹیم پیر کو پریکٹس کرے گی۔ شیڈول کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کی والی بال ٹیموں کے درمیان پہلا میچ منگل 28 مٸی کو لیاقت جمنازیم میں کھیلا جاٸے گا، دوسرا میچ بدھ 29 مٸی اور تیسرا میچ جمعرات 30مٸی کو ہوگا۔
پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیٸرمین چوہدری یعقوب نے کہا کہ پہلی بارآسٹریلیا کی میزبانی کرنے پر خوشی ہے، ایک مضبوط ٹیم کے خلاف بہتر پرفارمنس کے لیے پرامید ہیں، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی والی بال سیریز کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔