پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کسی کو نائب کپتان بنانے کی پیشکش نہیں کی، نائب کپتان مقررکرنا ہوتا تو قومی ٹیم کے اعلان کے ساتھ اس کا بھی اعلان کر دیا جاتا۔
نجی ٹی وی نے ذرائع پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے سے بتایا کہ پی سی بی نے شاہین شاہ آفریدی کو نائب کپتان بنانے کی پیشکش نہیں کی، اگر کسی کو نائب کپتان مقرر کرنا ہوتا تو قومی ٹیم کے ساتھ ہی اعلان کر دیا جاتا۔
پی سی بی ذرائع نے کہا کہ بابراعظم مکمل طور پر قومی ٹیم کے بااختیار کپتان ہیں۔
اس سے قبل میڈیا میں ذرائع کے حوالے سے ایسی اطلاعات آئی تھیں کہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے قومی ٹیم کا نائب کپتان بننے سے انکار کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے سلیکشن کمیٹی نے شاہین آفریدی کو نائب کپتانی کی آفر کی تھی۔
ذرائع کے حوالے سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ فی الحال شاہین آفریدی یہ عہدہ لینے کو تیار نہیں جس کے بعد محمد رضوان اب نائب کپتانی کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔ تاہم کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ کسی کو بھی نائب کپتان مقررکرنے کی پیشکش نہیں کی گئی ۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل شاہین آفریدی کو ٹیم کا کپتان بنا کر ہٹادیا گیا تھا اور کپتانی ایک بار پھر بابر اعظم کے سپرد کر دی گئی تھی۔