کراچی ( نئی تازہ رپورٹ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی (BIEK) کے تحت 22 مئی 2024 سے شروع ہونے والے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی کی سفارش پر گرمی کی شدت بڑھنے کی وجہ سے اندرون سندھ کراچی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ امتحانات ملتوی کرنے کی منظوری دے دی۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی ہدایت پر انٹرمیڈیٹ امتحانات کی تاریخ تبدیل کر دی ہے۔ ترجمان کے مطابق ہیٹ ویو کی وجہ سے پیپرز پانچ روز کے لیے ملتوی کیے گئے ہیں، اب کراچی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ امتحانات پیر 27 مئی 2024 سے شروع ہوں گے ۔
واضح رہے کہ گرمی کی لہر نے گزشتہ چند ہفتوں سے کراچی اور سندھ کے متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اورآئندہ 10 روز کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
ماہرین موسمیات کےمطابق شہر میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے جو 42 ڈگری تک محسوس ہوگا۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں آئندہ 25 روز کے دوران تین ہیٹ ویوز آ سکتی ہیں۔
حکام کے مطابق سندھ میں عمرکوٹ، تھرپارکر، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری اور سانگھڑکے علاقوں میں پہلی ہیٹ ویو آسکتی ہے جس سے جنوبی پنجاب کے شہر بہاولپور اور رحیم یار خان بھی متاثر ہوں گے۔
این ڈی ایم اے حکام کے مطابق ہیٹ ویو کا پہلا اسپیل 15 اور 30 مئی کے درمیان دو سے تین دن تک جاری رہ سکتا ہے، اور مذکورہشہروں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈتک جا سکتا ہے اور گرمی اس سے بھی زیادہ محسوس ہوسکتی ہے۔
دوسری ہیٹ ویو مئی کے آخر یا جون کےآغاز میں چار سے پانچ دن تک رہنے کی توقع ہے جس میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق تیسری ہیٹ ویو جون کے پہلے 10 دنوں میں متوقع ہے، یہ ہیٹ ویوسندھ میں تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، بدین اور خیرپورکے علاقوں کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔اس دوران گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔