کرغیزستان سے اتوار اور پیر کو 5 خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستانی طلبا کووطن لایا جائے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اتوار کو تین اور پیر کو دو خصوصی پروازیں کرغیزستان سے طلبا کو لے کرپاکستان پہنچیں گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق طلبا کی کرغیزستان سے پاکستان منتقلی کے اخراجات حکومتِ پاکستان برداشت کرے گی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستانی طلبا کو وطن واپس لانے والے خصوصی طیارے سے متعلق ضروری انتظامات کی ہدایت کی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کرغیزستان میں پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے تبادلہ خیال کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کرغیزستان میں پُرتشدد واقعات کے بعد پاکستانی طلبا کی واپسی کا عمل شروع ہو گیا، طلبا سمیت 180 مسافروں کو لے کر پہلی پروازلاہور ایئرپورٹ پر پہنچی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایئرپورٹ پر طلبا کا استقبال کیا، چیف آپریٹنگ آفیسر لاہور ایئرپورٹ اور دیگرحکام بھی موجود تھے۔
ایئر پورٹ حکام کے مطابق کرغیزستان سے آنے والے مسافروں کیلئے بین الاقوامی آمد لاؤنج میں الگ کاؤنٹرز بنا ئے گئے ہیں، طلبا اور مسافروں کی تیز امیگریشن کیلئے ایف آئی اے کو بھی ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔